Tuesday, September 17, 2024

امریکا کو اڈے نہ دینے کا فیصلہ ملکی مفاد میں کیا، شاہ محمود قریشی

امریکا کو اڈے نہ دینے کا فیصلہ ملکی مفاد میں کیا، شاہ محمود قریشی
June 28, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے امریکا کو اڈے نہ دینے کا فیصلہ ملکی مفاد میں کیا۔

شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف، افغانستان کی صورتحال اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے بیان میں کہا، بھارت ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کےلیے استعمال کر رہا ہے، مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کو تشویش سے آگاہ کرچکے۔

ایف اے ٹی ایف

اُن کا کہنا تھا کہ، منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کےخلاف اقدامات اپنے مفاد میں کئے، آئندہ بھی فیصلوں میں ملکی مفاد سامنے رکھیں گے۔ گذشتہ دو سال میں ایف اے ٹی ایف نے جو پروگرام دیا اس پر عملدرآمد مشکل تھا لیکن ہم نے کیا۔ چودہ قوانین میں ترامیم اور نئی قانون سازی کی۔

وزیر خارجہ نے کہا، ہم نے انتظامی نوعیت کے اقدامات اٹھائے، ذمہ داران کی نہ صرف نشان دہی کی بلکہ ان کیخلاف کارروائی بھی کی۔ پاکستان کی عدلیہ اور انتظامیہ اپنا اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، ہماری مقننہ نے اپنا ذمہ ادانہ کردار ادا کیا۔

افغانستان

اُن کا کہنا تھا کہ امریکی صدر بائیڈن نے کہا کہ ہم نے افغانستان میں ایک ٹریلین ڈالر خرچ کیے، آرمی کو تربیت دی۔ ادارے کھڑے کیے۔ امریکی رائے عامہ، امریکی افواج کے مزید افغانستان میں رکنے کے حق میں نہیں۔ انخلاء کا فیصلہ کر چکنے کے بعد بھی امریکی حکومت نے انہیں مالی معاونت جاری رکھنے کا یقین دلایا، جہاں تک امن کا تعلق ہے، تو اس کا فیصلہ افغانیوں نے خود مل بیٹھ کر کرنا ہے۔ افغانیوں کے فیصلے ہم نہیں کر سکتے، ہم اِن کے فیصلوں کا احترام کر سکتے ہیں۔ افغان عوام کو فریقین پر معاملات کے تصفیے کیلئے دباؤ ڈالنا چاہیے۔

شاہ محمود نے کہا، پاکستان بطور پڑوسی، امن کیلئے دعاگو ہے اور ممکن مدد کرتا رہے گا۔ ہماری پالیسی بہت واضح ہے ’’ ہم افغانستان میں امن و استحکام اور خوشحالی کے خواہشمند ہیں۔ چاہتے ہیں افغانستان کیساتھ ہماری تجارت دوگنی ہو۔

جنوبی پنجاب

اُنہوں نے کہا، اہلیان جنوبی پنجاب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ پہلی مرتبہ ان کیلئے بجٹ میں خطیر رقوم رکھی گئیں۔ اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ جنوبی پنجاب کا بجٹ، جنوبی پنجاب کی ترقی پر خرچ ہو۔ سابقہ ادوار میں 33 فیصد آبادی پر محض 17 فیصد ترقیاتی فنڈ خرچ ہوتا رہا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد وزیر اعظم عمران خان رکھ  چکے ہیں۔