Saturday, July 27, 2024

امریکا: وفاقی جج نے مسلم ملکوں پر پابندی کا صدارتی حکم نامہ معطل کردیا

امریکا: وفاقی جج نے مسلم ملکوں پر پابندی کا صدارتی حکم نامہ معطل کردیا
February 4, 2017

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی حکومت کو بڑا دھچکا لگ گیا، وفاقی جج نے مسلم ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیوں کا صدارتی حکم نامہ معطل کر دیا۔ فیصلے کا اطلاق پورے ملک میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی جج جیمزرابرٹ نے تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے مسلم ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیاں لگانے کا صدارتی حکم نامہ معطل کردیا۔

سیٹل میں وفاقی جج جیمزرابرٹ نے ریاست واشنگٹن کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے امیگریشن سے متعلق حکم نامے کے خلاف دومقدمات کی سماعت کی جس میں پہلا مقدمہ حکم نامے پرفوری طور پر حکمِ امتناع دینے اور دوسرا اس حکم نامے کو مکمل طور پر غیرآئینی قرار دینے سے متعلق تھا۔

ریاست واشنگٹن کی جانب سے اٹارنی جنرل باب فرگوسن پیش ہوئے اور عدالت نے ابتدائی سماعت کی ان کی ایک اپیل مان لی اور فوری طور پر صدارتی حکم نامہ معطل کردیا اورکہا کہ فیصلے کا اطلاق پورے ملک پرہوگا اور اس وقت تک برقرار رہے گا جب تک عدالت دوسری پٹیشن پر فیصلہ نہیں سنا دیتی۔ اگروہ فیصلہ بھی باب فرگوسن کے حق میں آگیا اور ریاست واشنگٹن جیت گئی تو ڈونلڈ ٹرمپ کا حکم نامہ مستقل طور پر ختم ہوجائے گا۔

امریکی محکمہ انصاف اس فیصلے کے خلاف اپیل میں جانے پر غور کر رہا ہے جبکہ اس سلسلے میں ایک بل کانگریس میں بھی پیش کیا جاسکتا ہے۔ فیصلہ حق میں آنے کے بعد واشنگٹن کے اٹارنی جنرل باب فرگوسن کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا کہ صدرڈونلڈ ٹرمپ سمیت کوئی بھی قانون سے بالاترنہیں، تارکینِ وطن اورمسلم ممالک کے شہری اب بلاخوف امریکا کے ویزے کیلئے فوری طورپر درخواست دے سکتے ہیں۔