امریکا نے ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ معطلی کے بعد ہر قسم کا تعلق ختم کر دیا

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا نے پہلے ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ معطل کی اور اب ہر قسم کا تعلق ہی ختم کر دیا۔ صدر ٹرمپ نےعالمی ادارہ صحت پر چین کی کٹھ پُتلی بننے کا الزام بھی دھر دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا عالمی ادارہ صحت کے ساتھ اپنا تعلق منقطع کر رہا ہے، اور اس کو دی جانے والی فنڈنگ اب دیگر تنظیموں کے ذریعے صحت کی عالمی ضروریات پر خرچ کی جائے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر چین کو نشانے پر رکھتے ہوئے کہا کہ چینی حکومت نے کورونا وائرس کی حقیقت دنیا سے چھپائی، جس کے بعد کورونا عالمی وباء بن گیا اور اب تک لاکھوں زندگیاں نگل چکا ہے، دنیا چین سے جواب چاہتی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ چینی حکام نے وبا سے متعلق عالمی ادارہ صحت کو اپنی ذمے داری کے مطابق آگاہ نہیں کیا، اور اس پر دنیا کو گمراہ کرنے کیلئے دباؤ ڈالا۔ عالمی ادارہ صحت چین کی کٹھ پُتلی بنا ہوا ہے، حالانکہ چین اسے صرف 40 ملین ڈالر سالانہ امداد دیتا ہے، جبکہ امریکا ڈبلیو ایچ او کو تقریباً 450 ملین ڈالر سالانہ امداد دیتا رہا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا نے عالمی ادارہ صحت کو ضروری اصلاحات کرنے کا کہا تھا، لیکن وہ اصلاحات کرنے میں بری طرح ناکام رہا، جس کے باعث ڈبلیو ایچ او کیساتھ تعلق ختم کر دیا ہے۔