Friday, September 30, 2022

امریکا نے پاکستان کو دی جانے والی 30 کروڑ ڈالر کی امداد منسوخ کر دی

امریکا نے پاکستان کو دی جانے والی 30 کروڑ ڈالر کی امداد منسوخ کر دی
واشنگٹن (92 نیوز) امریکا نے پاکستان کی تیس کروڑ ڈالر کی معطل کی گئی امداد منسوخ کر دی اور الزام عائد کیا  ہے کہ پاکستان دہشتگرد گروپوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائیاں کرنے میں ناکام ہو گیا ہے۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیاں ایک مرتبہ پھر نظر انداز کی جانے لگیں۔ امریکا کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور اس نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کی قربانیوں سے منہ پھیر لیا۔ ترجمان پینٹاگون لیفٹننٹ کرنل کون فالکنر کے مطابق کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں پاکستان کی معطل تیس کروڑ ڈالر کی امداد منسوخ کردی گئی ہے۔ فیصلہ وزیر دفاع جیمز میٹس کی جانب سے کیا گیا جس کا نوٹی فکیشن ستمبر کے آخر میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان دہشتگرد گروپوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائیاں کرنے میں ناکام رہا ہے۔ منسوخ شدہ رقم کو کانگریس کی منظوری کے بعد دیگر ترجیحات پر خرچ کیا جائے گا۔ کانگریس نے سال کے شروع میں بھی پاکستان کی پچاس کروڑ ڈالر کی امداد روک لی تھی اور حالیہ فیصلے کے بعد مجموعی مالیت اسی کروڑ ڈالر ہو گئی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈن فورڈ آئندہ ہفتے پاکستان آرہے ہیں جس میں وہ وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ایسے حالات میں امریکا کا یہ اقدام دونوں ممالک میں پہلے سے کشیدہ تعلقات کو مزید خراب کرسکتا ہے۔