Saturday, September 21, 2024

امریکا نے افغانستان چھوڑا تو مودی کے عزائم کھل کر سامنے آگئے

امریکا نے افغانستان چھوڑا تو مودی کے عزائم کھل کر سامنے آگئے
July 11, 2021

کابل (92 نیوز) بھارت ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور کی مثال پر پورا اتر آیا۔ امریکا نے افغانستان چھوڑا تو مودی کے عزائم کھل کر سامنے آگئے۔

بھارت کی امریکا کی چھتری تلے افغانستان میں گھناؤنی منصوبہ بندی عیاں ہو گئی۔ امریکا کے افغانستان کے نکلے کے بعد ہی مودی کے مذموم عزائم بھی کھل کر سامنے آگئے۔ بھارتی جہاز طالبان کے خلاف لڑنے والی افغان فورسز کو اسلحہ فراہم کرنے کے لئے استعمال ہونے لگے۔ بھارتی جہاز بظاہر سفارتکاروں کو واپس لانے کیلئے پہنچے لیکن وہ پوری طرح اسلحے سے لیس تھے۔

10 جولائی کو بھارتی فضائیہ کا ائیرکرافٹ سی 17 قندھار ایئر پورٹ پہنچا جس میں 122 ایم ایم کینن کی 40 ٹن گولیاں لدی ہوئی تھیں۔ بھارتی ایئر فورس کا ایک اور سی 17 طیارہ 11 جولائی کو کابل پہنچا وہ بھی 122 ایم ایم کینن کی 40 ٹن گولیوں سے بھرا ہوا تھا۔ بھارت نے اسلحہ طالبان کے خلاف لڑنے والی افغان نیشنل آرمی کو دیا۔ کابل ایئر پورٹ سے اڑنے والا طیارہ ہندن ایئرفورس اسٹیشن اترپردیش پر اترا۔ دوسرے طیارے چندی گڑھ اور جے پور میں لینڈ کئے۔ بھارت نے پاکستان کی فضائی حدود سے بچنے کے لئے دوسرا روٹ استعمال کیا۔

غنی حکومت کو بچانے کیلئے مودی حکومت گھناؤنا کھیل کھیل رہی ہے۔ ایک طرف مودی حکومت طالبان سے مذاکرات کی بھیک مانگتی ہے تو دوسری جانب افغان آرمی کو اسلحہ فراہم کر کے ملک میں انتشار کو فروغ دے رہی ہے۔ بھارت مغرب ممالک کی سکیورٹی میکانزم استعمال کرتے ہوئے افغانستان میں گندا کھیل کھیل رہا ہے۔

بھارتی سفارتکاروں کے مکمل طور پر افغانستان چھوڑنے کے بعد پاکستان میں بھی تخریبی کارروائیوں میں کمی آئے گی۔