Thursday, December 7, 2023

امریکا میں کورونا سے مزید 2545 مریض زندگی کی بازی ہار گئے

امریکا میں کورونا سے مزید 2545 مریض زندگی کی بازی ہار گئے
April 18, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) امریکا میں کورونا متاثرین کی تعداد سات لاکھ سے تجاوز کرگئی، چوبیس گھنٹوں میں مزید دو ہزار پانچ سو پینتیس مریض زندگی کی بازی ہار گئے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے زرعی شعبے کیلئے انیس ارب کے مالیاتی پیکج کا اعلان کردیا۔ امریکا بھی  کورونا وائرس کے آگے بے بس ہے، اموات اور مریضوں کا سلسلہ تیزی سے بڑھتا جارہا ہے، چوبیس گھنٹوں میں مزید ڈھائی ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے، متاثرین کی مجموعی تعداد سات لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا سے متاثر ہونے والے کسانوں کیلئے انیس ارب ڈالر کے امدادی پیکج کا اعلان کردیا، کہتے ہیں کسانوں کو براہ راست ادائیگی کےعلاوہ ان سے بڑے پیمانے پر زرعی اور ڈیری اشیاء خریدی جائیں گی۔ صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر عالمی ادارہ صحت اور چین کو تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ وہ چین سے خوش نہیں، اس نے وباء کی روک تھام کیلئے ابتدا سے ہی مؤثر اقدامات نہیں کیے تھے۔ صدر ٹرمپ نے تمام ریاستوں میں تعلیمی ادارے بھی جلد کھولنے کا عندیہ دے دیا، ان کا کہنا تھا ہم اس مرض کے بارے میں کافی کچھ جان چکے ہیں، اسکول کھولنے کیلئے ان کی کچھ ریاستوں کے گورنرز سے گفتگو بھی ہوچکی ہے۔ کورونا کے تیز پھیلاؤ کی وجہ سے سین ڈیاگو میں ہونے والا مشہور زمانہ کامک کون بھی منسوخ کردیا گیا، انتظامیہ کے مطابق میلے کی پچاس سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب اسے روکا گیا، تاہم یہ اگلے سال اپنی مقررہ تاریخوں پر ہی ہوگا۔