امریکا میں پولیس حراست میں سیاہ فام شہری فریڈی گرے کی ہلاکت کے خلاف احتجاج، شدید نعرے بازے
میری لینڈ (ویب ڈیسک) امریکا میں پولیس کی حراست میں سیاہ فام امریکی شہری کی ہلاکت کے خلاف ہزاروں افراد نے بالٹی مور میں احتجاج کیا، مظاہرین نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
امریکی پولیس نے غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں پچیس سالہ سیاہ فام فریڈی گرے کو سات روز قبل گرفتار کیا تھا اور دوران تفتیش پولیس تشدد سے موت واقع ہو گئی جس کے خلاف امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں سیاہ فام فریڈی گرے کی ہلاکت کے خلاف دوسرے روز بھی مظاہرہ کیا گیا۔
پندرہ سو کے قریب افراد شہر کی مختلف شاہراہوں سے مارچ کرتے ہوئے مغربی بالٹی مور میں جمع ہو گئے جہاں سے بارہ اپریل کو سیاہ فام شہری فریڈی گرے کو پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پولیس مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔
مظاہرے کو پرامن رکھنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جبکہ فضائی نگرانی کے لیے پولیس کے دو ہیلی کاپٹر بھی پرواز کرتے رہے۔ دوسری جانب واقعے میں ملوث چھ پولیس افسروں کو معطل کر کے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔