Tuesday, May 30, 2023

امریکا میں اومی کرون ویرینٹ کا پہلا کیس سامنے آ گیا

امریکا میں اومی کرون ویرینٹ کا پہلا کیس سامنے آ گیا
December 2, 2021 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) امریکا میں اومی کرون ویرینٹ کا پہلا کیس سامنے آ گیا۔ متاثرہ شخص 22 نومبر کو جنوبی افریقہ سے امریکا آیا تھا۔

کورونا کی نئی اور خطرناک سمجھی جانے والی قسم اومی کرون امریکا، بھارت، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور جنوبی کوریا میں بھی پہنچ گئی۔

امریکی ادارہ برائے وبائی امراض کے سربراہ ڈاکٹر فاؤچی نے اومی کرون وائرس کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ شخص نے کورونا کی مکمل ویکسی نیشن کرا رکھی تھی۔ یہ شخص 22 نومبر کو جنوبی افریقہ سے کیلی فورنیا پہنچا تھا۔

اومی کرون یو اے ای بھی پہنچ گیا ہے۔ اماراتی  میڈیا کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون جنوبی افریقہ سے پہلے سعودی عرب پہنچی اور پھر امارات آئی۔

سعودی عرب، بھارت اور جنوبی کوریا میں بھی اومی کرون کے ایک ایک کیس کی تصدیق کر دی گئی ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ متاثرہ افراد کن ممالک سے آئے۔

جاپان میں اومی کرون کا دوسرا کیس سامنے آنے کے بعد  10 افریقی ممالک سے آنے والی پروازوں پر آج سے پابندی عائد کر دی ہے جبکہ فرانس نے جنوبی افریقہ میں پھنسے اپنے شہریوں اور یورپی یونین کے افراد کو واپس آنے کی اجازت دے دی ہے تاہم ان کو 10 روز تک قرنطینہ کرنا ہو گا۔

ادھر اقوام متحدہ نے بھی سفری پابندیوں کی مخالف کر دی ہے۔ سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس کا کہنا ہے کہ سفری پابندیاں غیرمنصفانہ ہیں جن کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

عالمی ادارہ صحت نے کورونا کی نئی اقسام کے پیدا ہونے کی وجہ  کم ویکسی نیشن اور ٹیسٹنگ کو قرار دیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم کا کہنا ہے کہ فوری طور پر کمزور افراد کی ویکسی نیشن کی جائے۔