Saturday, July 27, 2024

امریکا فتح اللہ گولن کیلئے دوطرفہ تعلقات ’قربان‘ نہ کرے : ترکی کی وارننگ

امریکا فتح اللہ گولن کیلئے دوطرفہ تعلقات ’قربان‘ نہ کرے : ترکی کی وارننگ
August 10, 2016
انقرہ (ویب ڈیسک) ترکی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر فتح اللہ گولن کو اس کے حوالے نہ کیا گیا تو اس سے تعلقات منقطع کرلیے جائیں گے۔ ترک حکومت کا کہنا ہے کہ گولن کو ناکام بغاوت کے مقدمے کا سامنا کرنا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق ترک وزیر انصاف باقر بوزداق نے کہا ہے کہ امریکا ترکی میں ناکام بغاوت کے ماسٹرمائنڈ فتح اللہ گولن کو اس کے حوالے کرے بصورت دیگر اس سے تعلقات منقطع کر دیے جائیں گے۔ انقرہ میں ٹی وی بریفنگ کے دوران انہوں نے سوال کیا کہ اگر امریکا میں تشدد میں ملوث شخص کو ترکی اپنے ملک میں پناہ دیے رکھے تو خود امریکا کیسا محسوس کرے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر صدر اوباما اپنی اہلیہ کے ساتھ چھٹی پر ہوں اور انہیں قتل کرنے کی کوشش کی جائے یا وائٹ ہاوس کو بم سے اڑانے کی کوشش کی جائے اور عوام کو کچلنے کے لیے ٹینک دوڑ رہے ہوں تو امریکا کیا کرے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان الزبتھ ٹروڈو کا کہنا ہے کہ ترکی کی جانب سے آنے والے بیانات دونوں ممالک کے تعلقات کی بہتری کے لیے مددگار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن ترک حکام سے ذمے دارانہ بیانات کی توقع رکھتا ہے۔