Tuesday, January 18, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

امریکا ایشیا بارے فیصلوں میں پاکستانی مفادات مدنظر رکھے: طارق فاطمی

امریکا ایشیا بارے فیصلوں میں پاکستانی مفادات مدنظر رکھے: طارق فاطمی
December 14, 2016

واشنگٹن (92نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا کہنا ہے کہ خطے میں سوویت یونین کے خلاف امریکی کامیابی کے لئے پاکستان نے بھاری قیمت ادا کی، امریکا علاقے کے بارے میں فیصلے کرتے ہوئے پاکستان کے مفادات کوبھی مدنظر رکھے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کے دورے پر موجود وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے امریکی اخبار ’’واشنگٹن ٹائمز‘‘ کو اپنے اہم انٹرویو میں واضح کیا ہے کہ امریکا خطے کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کے مفاد کو بھی اہمیت دے۔ یہ بات دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ پاکستان نے ناصرف دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں بلکہ اسے افغان جنگ میں امریکا کا ساتھ دینے کی بھی بھاری قیمت چکانا پڑی ہے۔

طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف نوازشریف اور ڈونلڈ ٹرمپ کے نظریات ایک جیسے ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کو پاکستان میں دہشت گردوں سے خالی کرائے گئے علاقے دکھانا چاہتے ہیں۔ پاکستان نے ایف سولہ کی فراہمی روکے جانے کے بعد دیگر آپشنز پر غور کیا، روس سے تعلقات کی نوعیت اقتصادی اور سیاسی ہے۔ پاکستان روس کے ساتھ فوجی تعاون بڑھانے کا بھی خواہشمند ہے۔ خطے کے مسائل کے حل کے لئے پاک امریکا تعلقات کا ہموار رہنا ضروری ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ قریبی تعاون چاہتا ہے۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم نوازشریف دونوں کاروباری پس منظر رکھتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا اقتصادی وژن نوازشریف کی معاشی ترجیحات سے مماثلت رکھتا ہے۔