Saturday, July 27, 2024

الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور آئی ووٹنگ کیلئے شیڈول تیار

الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور آئی ووٹنگ کیلئے شیڈول تیار
December 7, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور آئی ووٹنگ کیلئے شیڈول تیار کر لیا۔

کابینہ نے ای وی ایم سے متعلق کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی۔ الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی نئے قانون پر عملدرآمد سے مشروط کر دی گئی۔

یکم جنوری 2022  کوای وی ایم کیلئے ٹینڈرجاری کرنے کی منظوری دیدی گئی، یکم اپریل 2022 کوای وی ایم خریداری کا کنٹریکٹ دینے کی منظوری دی جائے گی۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے الیکشن کمیشن کمیٹی کی شرائط و ضوابط پر تحفظات کا اظہار کر دیا اور کہا الیکشن کمیشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے اور ای وی ایم کو استعمال کرنے کا پابند ہے۔ ای وی ایم ٹائم لائن کے مطابق آئندہ سال 15 جون سے مشینوں کی منتقلی شروع کی جائے گی۔ آئی ووٹنگ سسٹم اپ گریڈ کرنے کے لیے چار ماہ کا وقت مقرر ہے۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا ای وی ایم کے استعمال کے حوالے سے لاعلم نکلے۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا ای وی ایم کے استعمال پر کابینہ کی کوئی ٹائم لائن موصول ہوئی نہ اس کا علم ہے۔ الیکشن کمیشن حکومتی ہدایات کے بجائے اپنی تشکیل کردہ کمیٹیوں کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے ای وی ایم کی خریداری اور سٹاف کی تربیت کی ٹائم لائن خود دے گا۔

چیف الیکشن کمشنرنے کہا  الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کام جاری ہے۔ اسکا پائلٹ پراجیکٹ بلدیاتی الیکشن میں کرنا چاہتے ہیں۔ ای وی ایم کے حوالے سے اگر قانون سازی کی ضرورت ہوئی تو پارلیمنٹ کو آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا  الیکشن کمیشن کا کام آئین و قانون پر عمل کرنا ہے اسے چیلنج کرنا نہیں، حکومت کیساتھ لڑائی کا تاثر درست نہیں۔