Saturday, July 27, 2024

الیکشن 2018،ووٹر کیسے ووٹ کاسٹ کرے گا ؟،92نیوز نے مشکل حل کردی

الیکشن 2018،ووٹر کیسے ووٹ کاسٹ کرے گا ؟،92نیوز نے مشکل حل کردی
July 24, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) ووٹ ڈالنا اہم فریضہ ہے  ، ہر ووٹر کے دماغ میں ایک سوال ہو گا کہ ووٹ ڈالنے کا درست طریقہ کیا ہے ، کہیں اُس  کا قیمتی ووٹ ضائع  نہ ہوجائے  ،  اسی سوال کو سامنے رکھتے ہوئے 92 نیوز اپنے پڑھنے والوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کا درست طریقہ سکھا رہا ہے ۔ ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے پہلا مرحلہ یہ ہے  کہ ووٹر جب پولنگ اسٹیشن میں داخل ہو گا تو سب سے پہلے پولنگ آفیسر ووٹر کا اصل قومی شناختی کارڈ  اور انتخابی فہرست میں درج تفصیلات چیک کرے گا  ، جس کے بعد ووٹر کا نام اور سلسلہ نمبر پولنگ ایجنٹ کو بتایا جائے گا تاکہ انتخابی فہرست سے ووٹر کا نام کاٹ دیا جائے ، اس کے بعد پولنگ آفیسر ووٹر کے انگوٹھے کا نشان لگوائے گا  اور انگوٹھے کے ناخن کے جوڑ میں انمٹ سیاہی کا نشان لگا دے گا ۔ اس کے بعد ووٹ کاسٹ کرنے کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گا جس میں ووٹر دوسرے کاؤنٹر یا ٹیبل پر پہنچے گا جہاں اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسر انگوٹھے پر انمٹ سیاسی کا نشان دیکھنے کے بعد قومی اور صوبائی اسمبلی کے بیلٹ پیپرز  کی پشت پر دستخط اور مہر ثبت کرنے کے بعد بیلٹ  پیپر  اور ایک مہر ووٹر کو تھما دے گا ۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے لئےسبز رنگ کا بیلٹ پیپر اور صوبائی اسمبلی کے لئے سفید رنگ کا بیلٹ پیپر جاری کیا جائے گا ۔ ووٹ کاسٹ کرنے کے تیسرے مرحلے میں  ووٹر بیلٹ پیپر تھامے پردے یا سکرین کے پیچھے جائے گا  جہاں وہ اپنے بیلٹ پیپرز پر اپنی پسند کے کسی  ایک اُمیدوار کے انتخابی نشان پر درست طریقے سے مہر لگائے گا ۔ ووٹ کاسٹ کرنے کا آخری مرحلے میں اپنے پسند کے اُمیدوار کے انتخابی نشان پر مہر لگانے کے بعد ووٹر سبز رنگ کے بیلٹ پیپر سبز ڈھکن کے بیلٹ باکس میں جبکہ سفید رنگ کا بیلٹ پیپر سفید رنگ کے ڈھکن والے باکس میں ڈال دے گا ۔ ووٹ کاسٹ کرنے کے دوران کچھ احتیاطیں کرنا بھی ضروری ہے ، ووٹر کے پاس اپنا اصل قومی شناختی کارڈ ہونا ضروری ہے ، زائدالمیعاد قومی شناختی کارڈ بھی قابل  قبول ہو گا تاہم کوئی اور دستاویز قبول نہیں کی جائے گی ۔ مریضوں ، بزرگوں اور معذور افراد کو پولنگ کے عمل میں ترجیح دی جائے گی  ، سب سے بڑھ کر یہ کہ اپنے ووٹ کی رازداری کا خیال رکھیں ۔ ایک پیپر پر ایک سے زائد جگہ پر اسٹیمپ لگانے کی صورت میں آپ کا ووٹ ضائع ہو جائے گا۔ اگر سٹیمپ اس طرح ثبت کی جائے کہ وہ خانے سے باہر  یعنی دوسرے خانے میں بھی جا رہی ہو  تو بھی ووٹ  ضائع ہوگا لہٰذا مہر لگاتے وقت یقینی بنا لیں کہ  آپ کی مہر ایک ہی خانے میں رہے اور کسی صورت اس سے باہر نہ نکلے ۔ انتخابی پیپر پر اپنے پسندیدہ امیدوار  کے نشان کے ساتھ اس کا نام بھی پڑھ کر یقینی بنا لیں کہ اسے ہی ووٹ دینا چاہتے ہیں ۔