Sunday, October 2, 2022

الیکشن کمیشن کے دو نئے ممبران کی تعیناتی کا صدارتی نوٹیفکیشن معطل

الیکشن کمیشن کے دو نئے ممبران کی تعیناتی کا صدارتی نوٹیفکیشن معطل
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی حکومت کو ایک اور بڑا دھچکہ لگ گیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے دو نئے ممبران کی تعیناتی کا صدارتی نوٹیفکیشن معطل کر دیا ۔ عدالت نے کہا کہ پارلیمنٹ کی توقیر ہمارے لیے مقدم ہے ، منتخب نمائندوں کو فیصلے خود کرنے چاہیں ، جو چیز پارلیمنٹ میں ہے وہ پارلیمنٹ میں ہی طے ہونی چاہیے ۔ جسٹس اطہر امن اللہ نے ریمارکس دئیے کہ  اسپیکرقومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹر پر پورا اعتماد ہے ، امید کرتے ہیں کہ پارلیمنٹ میں ہی یہ معاملہ حل کیا جائے گا  ۔ عدالت نے  درخواستگزار سے ٹائم فریم بارے پوچھا تو جہانگیر جدون نے چار ہفتے کا وقت دینے کی استدعا کردی  اور کہا کہ تین میٹنگز ہوئی ہیں ، لیکن حالات خراب ہونے کی وجہ سے پیش رفت نہیں ہو سکی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے دھرنے کی  طرف اشارہ کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ  جس معاملے کا آپ حوالہ دے رہے ہیں اس کو بھی پارلیمنٹ میں حل ہونا چاہیے، ساتھ ہی ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن اس وقت تقریباً غیر فعال ہے، چیف الیکشن کمشنر کی ریٹائرمنٹ بھی قریب ہے ، سات دسمبر سے پہلے یہ معاملہ حل کر کے عدالت کو آگاہ کریں۔ کیس کی مزید سماعت پانچ دسمبر کو ہوگی۔