Wednesday, September 18, 2024

الیکشن کمیشن کا عام انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن کا عام انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ
June 20, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن کا عام انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ سامنے آ گیا۔ الیکشن کمیشن نے ساڑھے تین لاکھ فوج کی نفری مانگ لی۔ عام انتخابات 2018 سر پر آگئے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو ساڑھے تین لاکھ فوجی اہلکار بھجوانے کے لیے خط بھی لکھ دیا ہے ۔ انتخابی عمل کے دوران پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات ہوگی ۔ انتخابات کے روز امن وامان کی نگرانی کی ذمہ داری بھی فوج کے سپرد ہو گی۔ قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آرٹیکل دو سو اٹھارہ کے تحت شفاف اور پر امن انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے جبکہ الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ایگزیکٹو اتھارٹی کی ذمہ داری ہے۔ ایڈیشنل ڈی جی الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 2013  کے انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا جس کے تحت بیس ہزار سے زائد حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ اور ترسیل فوج کی نگرانی میں ہو گی ۔