Saturday, July 27, 2024

الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ مسترد کر دیا

الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ مسترد کر دیا
July 31, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور کل جماعتی کانفرنس میں الیکشن کمیشن کے استعفے کے مطالبات مسترد کر دیئے۔ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کا سلسلہ جاری ہے تو الیکشن کمیشن بھی الزام لگانے والوں کے سامنے ڈٹ گیا ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نےکہا کہ اے پی سی میں الیکشن کمیشن کے استعفے کا مطالبہ سامنے آیا جس کی سختی سے مذمت کرتے ہیں اور دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام کامیاب اور ہارنے والوں سے توقع رکھتا ہے ، وہ عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے انتخابی رائے کو نہ صرف تسلیم اور جمہوری عمل کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ الیکشن شفاف اور غیر جانبدرانہ انداز میں ہوئے ،ووٹرز کی کثیر تعداد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور ووٹر ٹرن آؤٹ 52 فیصد رہا۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اور امیدوار عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں،ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے تمام جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ کے لیے متعدد اقدامات کیے، مسلم لیگ (ن) کی درخواست پر نیب سے درخواست کی گئی کہ ان کے امیدواران کو ہراساں نہ کیا جائے۔ این اے 60 میں ن لیگی امیدوار کی نااہلی پر الیکشن ملتوی کیا گیا،انہوں نے کہا کہ نتائج بروقت نہ پہنچنے پر صوبائی الیکشن کمشنرز سے وضاحت مانگی ہے۔