Tuesday, January 25, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

الیکشن کمیشن نے بہادرآباد گروپ کی درخواست پر فاروق ستار سے جواب طلب کرلیا

الیکشن کمیشن نے بہادرآباد گروپ کی درخواست پر فاروق ستار سے جواب طلب کرلیا
February 27, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) ایم کیوایم پاکستان کے دونوں دھڑوں کے درمیان پارٹی کنوینئر کا معاملہ حل نہ ہوسکا،، الیکشن کمیشن نے بہادرآباد گروپ کی درخواست پر فاروق ستار سے جواب طلب کر لیا۔
الیکشن کمیشن میں ایم کیو ایم اور بہادر آباد گروپ کی درخواست پرسماعت ہوئی ۔ بہادر آباد گروپ کے خالد مقبول صدیقی، عبد الرئوف صدیقی، عامرخان اور بیرسٹر فروغ پیش ہوئے جبکہ پی آئی بی گروپ کی جانب سے کامران ٹیسوری ، شیخ صلاح الدین اور ایس اقبال قادری پہنچے تاہم فاروق ستارغیر حاضر رہے۔
سماعت میں فاروق ستار کے وکیل بابر ستار نے جواب کیلئے مہلت طلب کی تو خالد مقبول کے وکیل بیرسٹرفروغ نسیم نے سینیٹ انتخابات کے باعث جلد کیس نمٹانے کی استدعا کی۔
الیکشن کمیشن نے فاروق ستار سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت یکم مارچ تک ملتوی کر دی۔
میڈیا سے گفتگو میں فروغ نسیم نے کہا کہ 95 فیصد پارٹی خالد مقبول کو کنوینئرمانتی ہے جبکہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ فاروق ستار کو کئی مرتبہ پارٹی سنبھالنے کی پیشکش کر چکے ہیں ، پارٹی آئین پر من وعن عمل کروانا چاہتے ہیں۔
فاروق ستار کے وکیل بابر ستار نے کم مہلت دینے پرشکوہ کیا جبکہ کامران ٹسوری نے کہا کہ فاروق ستار کو دونوں دھڑے کنوینئر مانتے ہیں ، معاملہ جلد سلجھ جائے گا۔
بابر ستار نے آئندہ سماعت پر فاروق ستار کی جانب سے جواب جمع کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ادھر متوسط طبقے کی نمائندہ ایم کیوایم کی سربراہی کے لیے دونوں گروپوں کی جانب سے پیسے کا بے دریغ استعمال کیا گیا ۔ اسلام آباد میں طاقت دکھانے کے لیے پی آئی بی اور بہادر آباد والوں نے لاکھوں روپے خرچ کر دیئے۔
پچاس سے زائد ایم کیوایم رہنماوں کی اسلام آباد پر دس لاکھ روپے سے زائد سفری اخراجات کئے گئے ۔ طعام اور قیام پر کئے جانے والے اخراجات اس کے علاوہ ہیں۔
فاروق ستار کے حامی درجن بھر ارکان اسمبلی شہر اقتدار میں موجود ہیں ۔ عامر خان نے بھی کئی رہنماوں کے ساتھ اسلام آباد میں ڈھیرے ڈالے ہوئے ہیں ۔ بلدیہ عظمی کراچی کے آٹھ سے زائد چیئرمین بھی اسلام آباد یاترا پر ہیں۔