Friday, September 30, 2022

الیکشن کمیشن سے متعلق توہین آمیز بیان ، فردوس عاشق اعوان نے غیر مشروط معافی مانگ لی

الیکشن کمیشن سے متعلق توہین آمیز بیان ، فردوس عاشق اعوان نے غیر مشروط معافی مانگ لی
 اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن کے خلاف توہین آمیز بیان دینے کے معاملے پر معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے جواب جمع کراتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ فردوس عاشق اعوان کی جانب سے الیکشن کمیشن سے متعلق مبینہ توہین آمیز بیان پر ن لیگ کی درخواست پر سماعت الیکشن کمیشن کے 3 رکنی بینچ نے کی۔ فردوس عاشق اعوان کی جانب سے جواب جمع کراتے ہوئے موقف اپنایا گیا کہ انھوں نے الیکشن کمیشن کی کوئی توہین نہیں کی۔ اگر الیکشن کمیشن سمجھتا ہے کہ توہین کی ہے تو غیر مشروط معافی مانگتی ہیں۔ درخواست گزار خالد محمود نے ٹرانسکرپٹ اور سی ڈی الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کا موقف اپنایا تو الیکشن کمیشن نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان کے بیان والی کوئی سی ڈی موصول نہیں ہوئی۔ وکیل فردوس عاشق اعوان نے درخواست گزار کی جانب سے توہین آمیز مواد نہ دے سکنے پر درخواست خارج کرنے کی اپیل کی۔ الیکشن کمیشن نے درخواست گزار سے ویڈیو ٹرانسکرپٹ مانگتے ہوئے سماعت پچیس مارچ تک ملتوی کر دی۔