Tuesday, November 30, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں سے ذرائع آمدن پوچھنے میں ناکام ہو گیا

الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں سے ذرائع آمدن پوچھنے میں ناکام ہو گیا
August 10, 2016
اسلام آباد (92نیوز) الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام۔ سیاسی جماعتوں کے مالی سال 2014ءاور 2015ءکے گوشواروں کی تفصیلات منظرعام پر نہ لائی جا سکیں۔ قواعد کے مطابق الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کے فنڈز اور ذرائع آمدن مشتہر کرنے کا پابند ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے گزشتہ سال سیاسی جماعتوں کو اثاثوں کی مکمل تفصیلات آڈیٹر سے تصدیق کروا کہ الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کا حکم دیا۔ اس مقصد کے لیے ڈیڈ لائن دیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے اعلان کیا کہ جس سیاسی جماعت نے ذرائع آمد اور فنڈز کی تفصیلات جمع نہ کرائیں اس کو انتخابات کے لیے انتخابی نشان الاٹ نہیں کیا جائے گا۔ سیاسی جماعتوں نے تو اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے تفصیلات کمیشن کو دے دیں لیکن 10 ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کے گوشوارے مشتہر نہیں کر سکا۔ قواعد کے مطابق الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں کے ذرائع آمدن‘ فنڈز اور اثاثے پبلک کرے۔ الیکشن کمیشن نے گزشتہ سال کے اثاثے تو مشتہر نہ کیے رواں سال کے گوشواروں کے لیے پھر ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ کونسی سیاسی جماعت کتنے اثاثے رکھتی ہے کسی کو کچھ معلوم نہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے معاملے پر کوئی ردعمل دینے سے گریز کیا ہے۔