الیکشن سے قبل الیکشن کمیشن کا بڑا قدم ، انتظامی مشینری میں تبدیلی کا فیصلہ
اسلام آباد ( 92 نیوز) الیکشن سے قبل الیکشن کمیشن نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے انتظامی مشینری میں بڑے پیمانے پر تبادلے کا فیصلہ کر لیا۔الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں 6 کمشنر، 33 ڈپٹی کمشنر تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پنجاب میں بھی سول اور پولیس افسروں کے بڑے پیمانے پرتبادلوں اور تقرریوں کا فیصلہ کر لیا گیا ۔
سب کی نظریں پنجاب میں الیکشن پر ہیں تو الیکشن کو صاف شفاف بنانے کے لئے عملی اقدامات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے ، ندیم ارشاد کیانی کو کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ،محمد مجتبیٰ پراچہ سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس کو تبدیل کر کے کمشنر لاہور ڈویژن، سیف انجم سیکرٹری ماحولیات پنجاب کو تبدیل کر کے کمشنر راولپنڈی ڈویژن ، ڈاکٹر فرح مسعود سیکرٹری لیبر اینڈ مین پاور کو تبدیل کر کے کمشنر ساہیوال ڈویژن ،اسد اللہ فیض ڈائریکٹر جنرل پھاٹا کو تبدیل کر کے کمشنر ملتان ڈویژن، آصف اقبال کو تبدیل کر کمشنر فیصل آباد ڈویژن ،رانا گلزار احمد کو کمشنر ڈیرہ غازی خان اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد ظفر اقبال کو کمشنر سرگودھا تعینات کر دیا گیا ہے ۔
سندھ میں بھی بڑے سرکاری افسروں کی اکھاڑ پچھاڑ شروع ہو گئی ہے ، الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ کے 14سیکرٹریز،2اے آئی جیز، 6کمشنرز تبدیل کردیے گئے ہیں ۔سندھ میں 33ڈی سی،14 ڈی آئی جیز اور متعدد ایس ایس پیز بھی تبدیل کردیے گئے ہیں ۔
حیدر آباد میں ڈی آئی جی ،ایس ایس پی ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے تبادلے کر دیئے گئے ہیں ، سلطان خواجہ ڈی آئی جی حیدرآباد تعینات جبکہ احسان علی منگی کمشنر، اسلم سومرو ڈپٹی کمشنر اور عدیل حسین چانڈیو ایس ایس پی تعینات کر دیئے گئے۔
دوسری طرف بلوچستان میں بھی الیکشن کمیشن نے بڑے پیمانے پر افسروں کے تبادلوں کی منظوری دے دی ہے ، پہلے مرحلے میں بلوچستان میں تین صوبائی سیکرٹریز ، چھ کمشنرز ،33 ڈپٹی کمشنرز اور متعددایس ڈی پی اوز کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔