اللہ کی خوشنودی کیلئے بیس لاکھ سے زائد عازمین حجاز مقدس میں جمع ہو گئے

منیٰ (92 نیوز) مناسک حج کا آغاز ہوگیا۔ اللہ کےگھرمیں۔۔۔۔ اللہ کی خوشنودی کیلئے بیس لاکھ سے زائد عازمین حجاز مقدس میں جمع ہو گئے۔ حج کا رکن اعظم وقوف عرفات کل ادا ہوگا۔
منیٰ میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد کرنے کیلئے بیس لاکھ سے زائد عازمین کی منیٰ آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
عازمین آج رات منیٰ میں قیام کے بعد جمعرات کو میدان عرفات روانہ ہوں گے۔ جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا ہوگا۔ حجاج ظہر اورعصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے جبکہ رات کو حجاج مزدلفہ روانہ ہوں گے۔ اور مغرب و عشاء کی نمازیں مزدلفہ پہنچ کرادا کریں گے۔
حجاج رات مزدلفہ میں قیام کریں گے اورنماز فجر کے بعد منیٰ روانہ ہونگے اور شیطان کو کنکریاں ماریں گے۔
حج کےدوران عازمین کی حفاظت کےلیے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے بتایا کہ ایک لاکھ سے زیادہ سکیورٹی اہلکارحجاج کرام کی حفاظت کیلئے امن اسکیمیں نافذ کر رہے ہیں۔