Saturday, July 27, 2024

العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس ،نوازشریف نے سزا کیخلاف اپیل دائر کردی

العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس ،نوازشریف نے  سزا کیخلاف اپیل دائر کردی
January 1, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف نے سزا کے خلاف اپیل دائر کر دی العزیزیہ ریفرنس  میں کرپشن ثابت ہونے پر سزا پانے والے مجرم نواز شریف نے احتساب عدالت کے  فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے ۔ نوازشریف کے وکلا کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی اپیل  میں احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے اور سات سال سزا کو بریت میں تبدیل کرنے استدعا کی گئی ہے ۔ نوازشریف نے 61 صفحات پر مشتمل اپیل میں احتساب عدالت کا فیصلہ غلط فہمی اور قانون کی غلط تشریح پر مبنی قرار دیا ، اپیل میں کہا گیا ہے کہ دستیاب شواہد کو درست انداز میں نہیں پڑھا گیا، ملزم کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات کو احتساب عدالت نے سنے بغیر فیصلہ سنایا۔ نوازشریف نے سزا کےخلاف اپیل دائر کی  تو نیب نے فلیگ شپ میں بریت کا فیصلہ چیلنج کرنے کی مکمل تیار کر لی  ، نیب نوازشریف کو بری کرنے کے فیصلے کے خلاف جلد ہائی کورٹ میں رٹ دائر کرے گی۔ ذرائع کے مطابق نیب مؤقف اختیار کرے گی کہ ماتحت عدالت نے فیصلے میں زیادہ تر نیب کے مؤقف کو تسلیم کیا ،عدالت نے ملزموں کا قطری شہزادے والا مؤقف بھی مسترد کردیا۔ ملزموں کےمؤقف کو احتساب عدالت نے جعلی اور بوگَس قرار دیا۔ نیب کی جانب سے تیار کیے گئے متن کے مطابق احتساب عدالت نے فیصلے میں خود کہا دستیاب شواہد کی بنا پر نوازشریف کا بینیفشل اونر ہونا خارج از امکان نہیں، شواہد ہونے کے باوجود نواز شریف کو شک کا فائدہ دیکر بری کیا گیا ،لہٰذا نواز شریف کو بری کرنے کا فیصلہ معطل کیا جائے۔