Monday, November 28, 2022

الطاف حسین کے خلاف ریفرنس، پاکستان کو برطانیہ کا جواب موصول

الطاف حسین کے خلاف ریفرنس، پاکستان کو برطانیہ کا جواب موصول
اسلام آباد(92نیوز) الطاف حسین کی اشتعال انگیز تقریر اور  کراچی میں 22 اگست کو ہونے والی ہنگامہ آرائی پر، حکومت پاکستان کی جانب سے الطاف حسین کے خلاف روانہ کیے گئے ریفرنس کا برطانوی حکومت نے باضابطہ جواب دے دیا ہے ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق پاکستانی حکومت کی جانب سے الطاف حسین کے خلاف برطانیہ کو بھیجے گئے ریفرنس پر برطانوی حکومت کا باضابطہ جواب موصول ہو چکا ہے۔ برطانوی ہوم آفس کی جانب سے وزارت داخلہ کو بھیجے گئے مراسلے میں کراچی میں 22 اگست کو پیش آنے والی صورتحال کی مذمت کی گئی ہے۔ مراسلے میں برطانوی ہوم آفس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ الطاف حسین کے خلاف ریفرنس  میٹروپولیٹن پولیس کو بھجوادیا گیا ہے، جو پاکستان سے موصول ہونے والے شواہد  کا جائزہ لے گی، اور اگر مزید شواہد کی ضرورت ہوئی تو اس صورت میں پاکستانی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔  برطانیہ کراچی میں 22 اگست کو پیش آنے واقعہ کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ یاد رہے کہ کراچی میں 22 اگست کو الطاف حسین کی متنازعہ تقریر کے بعد ہونے ہونے والی ہنگامہ آرائی کے بعد حکومت نے الطاف حسین کےخلاف برطانوی حکومت کو ریفرنس بھیجا تھا جس میں الطاف حسین کے خلاف درج مقدمے کی کاپی، میڈیا ہاؤس پر حملے کی تصاویر اور متنازعہ تقریر کا متن بھی شامل تھا۔