Sunday, December 4, 2022

الطاف حسین نے قیام پاکستان کو بدقسمتی کہا !!! کراچی میں عذاب آیا ہوا ہے اور سندھ کا شاہی خاندان دبئی بیٹھا ہے: عمران خان

الطاف حسین نے قیام پاکستان کو بدقسمتی کہا !!! کراچی میں عذاب آیا ہوا ہے اور سندھ کا شاہی خاندان دبئی بیٹھا ہے: عمران خان
کراچی (92نیوز) عمران خان نے کہا ہے کہ الطاف حسین کے پاکستان مخالف بیانات کے وہ خود سب سے بڑے گواہ ہیں۔ بھارتی اخبار کو انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کا قیام برصغیر کے ساتھ ظلم ہے۔ کہتے ہیں بیڈ گورننس تک مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ سندھ میں کہیں بھی حکومت نظر نہیں آرہی جبکہ سندھ کا شاہی خاندان دبئی بیٹھا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے بی بی سی کے الزامات درست قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ نئی دہلی میں بھارتی اخبار کو انٹرویو میں الطاف حسین نے کہا تھا کہ پاکستان کا قیام برصغیر کے ساتھ ظلم ہے، اس بات کا میں خود گواہ ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ سندھ میں تو حکومت ہے ہی نہیں اور شاہی خاندان دبئی بیٹھا ہے جبکہ وفاق کی کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے۔ دونوں بڑی جماعتوں نے باریاں لگا رکھی ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے خواجہ آصف کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ عمران خان نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد 23سال سے باہر بیٹھے ہیں، ملک تباہ ہو رہا ہے اور یہی بڑی جماعتیں بنیادیں کھوکھلی کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی منی لانڈرنگ پر بھی بی بی سی کی فلم بنی ہوئی ہے۔ قبل ازیں عمران خان کی جناح اسپتال آمد مریضوں کےلئے باعث زحمت بن گئی۔ تحریک انصاف کے کارکن بھی کپتان کے ساتھ ہی اسپتال میں امڈ آئے۔ شعبہ ایمرجنسی میں ایمبولینسز روک لی گئیں۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کی اسپتال انتظامیہ سے جھڑپ بھی ہوئی۔ مریضوں نے تحریک انصاف کے قائد کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔