Saturday, July 27, 2024

الزام سے بری الذمہ قرار دینے کا ہرگز مطلب نہیں مقدمہ خارج کر دیا گیا، لاہور ہائیکورٹ

الزام سے بری الذمہ قرار دینے کا ہرگز مطلب نہیں مقدمہ خارج کر دیا گیا، لاہور ہائیکورٹ
June 1, 2021

لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مقدمات میں ملزموں کو الزام سے بری الذمہ قرار دینے سے متعلق اہم فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ، الزام سے بری الذمہ قرار دینے کا ہرگز مطلب نہیں مقدمہ خارج کر دیا گیا، اس کا تصور محض ایک فرد کو حراست سے رہا کرنا ہے۔

مقدمات میں ملزموں کو الزام سے بری الذمہ قرار دینے سے متعلق کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے اس حوالے سے 12 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ الزام سے بری الذمہ قرار دینے کا ہرگز مطلب نہیں کہ مقدمہ خارج کر دیا گیا۔

مقدمہ خارج کرنا اور الزام سے بری الذمہ قرار دینا دونوں مختلف اُمور ہیں، ملزم کے الزام سے بری ہونے پر ایف آئی آر خارج نہیں ہوتی۔

عدالت نے باور کروایا کہ الزام سے بری الذمہ قرار دینے کا تصور محض ایک فرد کو حراست سے رہا کرنا ہے۔

پولیس الزام سے بری الذمہ شخص کو دوبارہ اس کیس میں شامل تفتیش کر سکتی ہے اور گرفتاری کیلئے علاقہ مجسٹریٹ کی اجازت درکار ہو گی۔

لاہور ہائیکورٹ میں تھانہ کوتوالی فیصل آباد میں جعلی چیک کا مقدمہ درج کیے جانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، درخواست گزار نے استدعا کی کہ علاقہ مجسٹریٹ کا ملزم کو جعلی چیک کے الزام سے بری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے۔