Monday, February 6, 2023

الزام ثابت ہونے پر اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی ، مراد راس

الزام ثابت ہونے پر اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی ، مراد راس
 لاہور (92 نیوز) لاہور کے نجی اسکول میں جنسی ہراسگی کے معاملے پر مراد راس نے کہا الزام ثابت ہونے پر اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔ صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب مراد راس نے نجی اسکول میں طالبات کے ساتھ ہونے والی جنسی ہراسگی کی شکایات کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کے خلاف بھرپور اور جامع ایکشن لینے کے لئے ہمیں والدین کی طرف سے تحریری شکایات چاہیئں۔ وزیر سکول ایجوکیشن نے انکشاف کیا کہ یہ معاملہ کسی ایک پرائیویٹ سکول تک محدود نہیں۔ پچھلے کچھ دنوں کے دوران مختلف نجی سکولوں سے ہراسگی کی شکایات موصول ہو چکی ہیں۔ مراد راس کا کہنا تھا کہ شکایات درج کرانے والے تمام والدین اور طلباء کی تفصیلات مکمل طور پر مخفوظ رکھی جائیں گی۔ ایسے واقعات روکنے کیلئے طالبات کے تمام سکولوں میں محض فی میل ٹیچرز کو پڑھانے کا قانون بھی لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اسکولوں میں جنسی ہراسگی کے حوالے سے قانون بنا رہے ہیں جن کے خلاف قانون کے مطابق طلباء کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف جرمانہ اور جیل بھیجنے جیسی سزائیں دی جا سکیں گی۔