لاہور :( 92 نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور جاپان حکومت میں پاکستان کے صنعتی علاقوں میں شہریوں کوصاف پانی کی فراہمی کیلئے معاہدے کی تقریب وفاقی دارالحکومت میں قائم جاپانی سفارت خانے میں منعقد ہوئی۔
جاپانی سفیرواڈامٹسوہیرواور مرکزی نائب صدروچئیرمین الخدمت واش پروگرام سیداحسان اللہ وقاص نے معاہدے پر دستخط کئے، جس کے مطابق پاکستان کے شہروں فیصل آباد اور اوکاڑہ میں 7 واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کیلئے جاپان حکومت،الخدمت فاؤنڈیشن کو19.5ملین روپے فراہم کرے گی۔
جاپانی سفیر واڈا مٹسو ہیرو نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے جاپانی حکومت،پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں فلاحی منصوبے جاری رکھے گی ،ہمیں امید ہے مقامی کمیونٹی کے اشتراک سے یہ ترقیاتی منصوبے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں مدد دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ جاپانی حکومت نظام کو مزید لچکدار بنائے گی اور پاکستان کے دور دراز علاقوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بروقت امداد فراہم کرے گی۔
اس موقع پر نائب صدرالخدمت سیداحسان اللہ وقاص نے جاپانی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی علاقوں کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق منصوبے کو جلد مکمل کریں گے، فیصل آباد اور اوکاڑہ میں سات واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے ، جن سے یہاں کے ہزاروں خاندانوں کو فلٹر شدہ پانی کی فراہمی کا آغاز ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال الخدمت فاؤنڈیشن نے 31.2 کروڑ کی لاگت سے صاف پانی کے منصوبہ جات کی تنصیب کی تھی۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے صاف پانی منصوبہ جات سے روزانہ 56 لاکھ سے زائد افراد صاف پانی کی نعمت سے مستفید ہوتے ہیں۔