Tuesday, April 30, 2024

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل  دورہ پاکستان  مکمل کر کے واپس روانہ

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل  دورہ پاکستان  مکمل کر کے واپس روانہ
February 19, 2020
لاہور  ( 92 نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کا تاریخی دورہ مکمل کرکے واپس روانہ ہوگئے، ٹوئٹرپیغام میں پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا،کہا، لاہور کی ثقافت اور تاریخ سے بہت لطف اندوز ہوا۔ اقوام متحدہ  کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس 4 روزہ دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ ہو گئے ، اقوام متحدہ میں پاکستان کےمستقل مندوب منیر اکرم نے انتونیو گوتریس کو رخصت کیا اور انہیں دورہ پاکستان کا یادگاری تصویری البم پیش کیا گیا۔ انتونیو گوتریس نے اپنے دورے کے دوران اسلام آباد اور لاہور میں کئی تقاریب میں شرکت کی، انہوں نے جہاں افغان مہاجرین سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب  اور  اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیںوہیں لاہور کے شاہی قلعے کی سیر کے علاوہ کرتار پور کوریڈور کا بھی دورہ کیا۔ پاکستان سے روانگی کے وقت اپنے ٹوئٹر پیغام میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ اپنا دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس جارہاہوں، لاہور کی ثقافت اور تاریخ سے بہت لطف اندوز ہوا، اپنے شاندار دورے پر پاکستانی عوام کا مشکور ہوں۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے پاکستانی نوجوانوں کوپیغام دیا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی 30سال سے کم عمرہے، خود کو مصروف رکھیں، سوچ بڑی رکھیں اور بہتر دنیا کی تعمیر کے لیے کوششیں کرتے رہیں۔