Sunday, September 15, 2024

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں قتل عام کے خلاف قرار داد منظور

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں قتل عام کے خلاف قرار داد منظور
June 14, 2018
نیو یارک (92 نیوز) غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام کی ذمہ داری حماس پر ڈالنےکی امریکی کوشش ناکام ہو گئی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں قتل عام کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی۔ فلسطینی صورتحال پر غور کیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں  غزہ میں نہتے فلسطینیوں کےقتل عام کے خلاف مذمتی قرار داد پیش کی گئی جس میں جنرل سیکرٹری انتونیو گوٹیرس سےغزہ کیلئے عالمی تحفظ کاطریقہ طے کرنے کامطالبہ کیا گیا ۔ عرب لیگ کی پیش کردہ اس قرارداد کےحق میں ایک سو بیس جبکہ مخالفت میں آٹھ ووٹ پڑے۔ امریکا کی جانب سے اس میں ترمیم کی ناکام کوشش بھی کی گئی جس میں غزہ قتل عام کا الزام حماس پر عائد کیا گیا تھا۔ امریکا نے اس سے قبل دو جون کو بھی سلامتی کونسل میں اسرائیل کے حق اور حماس کے خلاف ایک قرارداد پیش کی تھی تاہم اسے بھی بھاری اکثریت سے مسترد کردیا گیا تھا۔ غزہ کی سرحد پر تیس مارچ سے ہزاروں فلسطینی واپسی مارچ کیلئے جمع ہیں جنہیں منتشر کرنے کیلئے اسرائیل کی جانب سے طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا جاتا ہے۔ اب تک ایک سو تئیس فلسیطینی شہید جبکہ چودہ ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔