اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے قونصلر کے مدلل دلائل
نیویارک(ویب ڈیسک)بلال احمد نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارتی الزامات کا مدلل جواب دیدیا۔
کہتے ہیں کہ بھارت کی بلوچستان اورکراچی میں دہشتگردی کی مدد اور کالعدم تحریک طالبان کے ساتھ رابطوں کے ثبوت اقوام متحدہ کو دیدیے ہیں جنوبی ایشیا میں امن کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر کا حل ہے۔
تفصیلات کےمطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے قونصلر بلال احمد نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارتی الزامات کا مدلل جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے سات لاکھ فوج تعینات کرکے کشمیر پر قبضہ کررکھا ہے۔سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عمل درآمد میں بھارت رکاوٹ ہےغیر جانبدار انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں چھ ہزار اجتماعی قبروں کی نشاندہی کرچکی ہیں۔
بلال احمد نے اقوام متحدہ کی تمام قراردادوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات میں ہمیشہ پاکستان نے جموں و کشمیر کو بنیادی اہمیت دی جنوبی ایشاء میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے حل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔پاکستانی مشن کے قونصلر بلال احمد کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے لیے بھارتی شرائط ناقابل قبول ہیں۔پاکستان نے بھارتی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے حوالے کردیئے ہیں ،بھارت دہشتگردی کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کررہا ہے۔