Thursday, December 1, 2022

اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بھیجے: پاکستان

اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بھیجے: پاکستان
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو ایک اور خط لکھ دیا اور مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بھیجے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے بھارت سے مذاکرات کے لیے پیشگی شرائط قبول نہیں‘ مذاکرات ہوئے توکشمیر پر بھی بات ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے ہفتہ وارمیڈیا بریفنگ میں بتایا کہ خط میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کی صورتحال کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ خط میں بھارتی وزیراعظم کے بلوچستان سے متعلق بیان کو اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا بیان دیکھا ہے۔ افغانستان میں قیام امن پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔ چمن گیٹ پر پاکستانی و افغان انتظامیہ کی ملاقات ہوئی ہے۔ فریقین نے یکم ستمبر کو گیٹ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت اور امریکہ کے درمیان دفاعی معاہدہ دو ممالک کے درمیان ہے۔ امید ہے اس معاہدے سے جنوبی ایشیا میں اسلحے کے انبار بڑھانے اور ہتھیاروں کی دوڑ میں اضافہ نہیں ہو گا۔ ترجمان نے کابل میں امریکن یونیورسٹی پر ہونے والے حملے کی بھرپور مذمت کی ہے۔