Sunday, September 15, 2024

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرائے: وزیراعظم کی بان کی مون سے گفتگو‘ جان کیری سے ملاقات

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرائے: وزیراعظم کی بان کی مون سے گفتگو‘ جان کیری سے ملاقات
September 28, 2015
نیویارک (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرائے۔ اقوام متحدہ کے اجلاس میں ورکنگ باو¿نڈری پر بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کا معاملہ اٹھائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے نیو یارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔ تعلقات کو جتنا وسیع کریں اتنا اچھا ہے۔ ملاقاتیں پاکستان کی ضرورت ہیں اس سے راہیں کھلتی ہیں۔ بان کی مون کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر کھل کر بات ہوئی۔ ان سے کہا ہے کہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرائیں اور مسئلہ حل کیا جائے۔ ورکنگ باونڈری پر بھارتی فائرنگ کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھا رہے ہیں۔ منیٰ کے سانحہ پر گہرا دکھ ہوا، لاپتہ پاکستانیوں کے بارے میں جلد صورت حال واضح ہو جائے گی۔ وزیراعظم سے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر سرتاج عزیز، ملیحہ لودھی اور طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات‘ دہشت گردی کیخلاف جنگ اور عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جان کیری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔ ذرائع کے مطابق پاک بھارت کشیدگی پر بھی بات ہوئی اور امریکی وزیر خارجہ نے پاک بھارت تعلقات میں بہتری کی خواہش کا اظہار کیا۔