افغانستان سے خیبرپختونخوا،بلوچستان میں فوجی چوکیوں پرفائرنگ، 5 ایف سی اہلکار زخمی
راولپنڈی (92 نیوز) سرحد پار سے امن پر ایک بار پھر وار کیا گیا۔ افغان سرحدی علاقے سے باجوڑ، قمر دین کاریز کے علاقوں پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی۔
افغان سرزمین سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں فوجی چوکیوں اور باڑ لگانے والی ٹیموں پر دہشتگرد حملہ کیا گیا، سکیورٹی فورسز نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دہشتگرد حملہ پسپا کر دیا جس میں 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جب کہ بڑی تعداد میں زخمی ہو گئے۔ دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے فضائیہ اور ایف سی اہلکاروں سمیت 5 جوان زخمی ہوئے ۔
آئی ایس پی آرکے مطابق افغان سر زمین سے خیبر پختونخوا میں باجوڑ اور بلوچستان میں قمر دین کاریز کے سرحدی علاقوں میں فوجی چوکیوں اور باڑ لگانے والی ٹیموں پر دہشتگرد حملہ کیاگیا۔
ہر لمحہ مستعد سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کومنہ توڑ جواب دیتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا ،دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے 4 ایف سی اہلکار اور مشاہداتی چوکی پر متعین پاک فضائیہ کا ایک اہلکار زخمی ہوا۔ دہشتگردوں نے صرف باجوڑ کے سرحدی علاقے پر گزشتہ 24 گھنٹوں میں متواتر 7 بار حملوں کی کوشش کی ۔دہشتگرد حملوں کا مقصد باڑ لگانے اور چوکیوں کے تعمیری عمل کو سبوتاژ کرنا تھا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے فوجی آپریشنز کی کامیابیوں کو مستحکم بنایا جائیگا۔ دشمن قوتوں سے درپیش چیلنجز کے باوجود پاک، افغان سرحد پر باڑ، قلعوں کی تعمیر جاری رکھی جائیگی ۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے افغان حکومت کی عدم عملدآری ،افغان فورسز کی عدم موجودگی اور افغان سرحد کا خالی ہونا ،دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کیلئے سازگار ہے۔پاکستانی سرحدی چوکیوں،قلعوں پر فائرنگ اورباڑ لگانے والی پارٹیوں پر حملے بھی انہیں محفوظ پناہ گاہوں سے ہوتے ہیں۔