Wednesday, October 5, 2022

افغانستان نے آئرلینڈ کو شکست دیکر ٹیسٹ کرکٹ کی پہلی فتح حاصل کر لی

افغانستان نے آئرلینڈ کو شکست دیکر ٹیسٹ کرکٹ کی پہلی فتح حاصل کر لی

ڈھیراڈن ( 92 نیوز) افغانستان  نے آئرلینڈ کو ہرا کر ٹیسٹ کرکٹ کی پہلی جیت حاصل کر لی، بھارت میں کھیلے گئے سیریز کے واحد ٹیسٹ میں افغانستان نے سات وکٹوں سے  کامیابی حاصل کی۔

آئر لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنےکا فیصلہ  کیا ، پہلی اننگز میں  پوری ٹیم 172 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔

گیارہویں نمبر پر کھیلنے والے ٹم مورتیغ ناقابل شکست  54 رنز  اور آٹھویں نمبر پر کھیلنے والے جارج ڈوکرل 39 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔

آئرلینڈ کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے ۔

افغانستان کی جانب سے پہلی اننگز میں یامین احمدزئی  اور محمد نبی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں ۔

راشد خان اور وقار سلام خیل نے دو دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

افغانستان کی ٹیم  پہلی اننگز  میں بلے بازی کیلئے میدان میں اتری تو 314 رنز بنا ڈالے ۔

اوپنر محمد شہزاد نے 40 ،رحمت شاہ 98 ،حشمت اللہ 61 ،کپتان اصغر افغان نے 67 رنز کی اننگز کھیلی ۔ 

آئر لینڈ کی جانب سے سٹورٹ تھومپسون نے تین ، اینڈی مک برین ، جیمز کیمرون اورجارج ڈوکرل  نے دو دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ٹم مورتیغ نے ایک وکٹ حاصل کی ۔

دوسری اننگز میں آئر لینڈ کی ٹیم  288 رنز بنا کر ہمت ہار گئی  اور افغانستان کو جیت کیلئے 147 رنز کا ہدف دیا۔

اوپنر  ولیم پورٹرفیلڈ بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے ، جب کہ ٹاپ آرڈر  اینڈی بالبرنے 82 ،کیون اوبرائن 56 ، جیمز مک کولم  39 ،رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

افغانستان کے راشد خان نے 5 ، یامین احمدزئی نے 3 جبکہ وقار سلام خیل نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

افغانستان کی ٹیم 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری  تو تین  وکٹوں کے نقصان پر ہی  میچ جیت لیا۔

 اوپنر محمد شہزاد صرف دو رنز بنا کر چلتے بنے ۔ ساتھی اوپنر احسان اللہ نے 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ رحمت شاہ نے 76 اور محمد نبی نے ایک اسکور کیا۔

آئر لینڈ کی جانب سے اینڈی مک برائن اور جیمز کیمرون  ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے ۔