Saturday, April 20, 2024

افغانستان نازک صورتحال سے دوچار، اصل مسئلہ بھوک کا ہے، شاہ محمود

افغانستان نازک صورتحال سے دوچار، اصل مسئلہ بھوک کا ہے، شاہ محمود
December 18, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے افغانستان نازک صورتحال سے دوچار ہے، اس وقت اصل مسئلہ بھوک کا ہے، دنیا نے فوری توجہ نہ دی توانسانی بحران شدت اختیار کر سکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے حوالے سے بیان جاری کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اوآئی سی وزرائےخارجہ کانفرنس دنیا کی توجہ افغانستان پر مبذول کرانے کیلئے بہت اہم ہے، دنیا کو افغانستان کے زمینی حقائق سے آگاہ ہونا چاہیے۔ بہت سے وزرائےخارجہ کانفرنس میں شرکت کیلئے آرہے ہیں، سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی نمائندگی بھی ہوگی۔ کانفرنس میں افغان نمائندگان بھی اپنےنقطہ نظرپیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے مہاجرین باعزت طریقے سے گھروں کو لوٹیں، مہاجرین کی واپسی کیلئے وہاں سازگار ماحول ہونا سب سے اہم ہے۔ افغانستان میں روزگار، امن نہ ہو تو مہاجرین واپسی سے کترائیں گے۔ مہاجرین کابحران پیداہواتوپاکستان، ایران تک محدود نہیں رہے گا۔ دنیا کے مفاد میں ہے کہ افغانستان کی صورتحال نہ بگڑے۔ مہاجرین روزگار کیلئے یورپ کے دروازوں پر بھی دستخط دیں گے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ اس وقت افغانستان میں معطل بینکنگ سسٹم فوری بحال کرنے کی ضرورت ہے، یہ فعال نہ ہو تو دنیا بھر سے افغانی پیسے کیسے بھیجیں گے؟۔ افغان عبوری حکومت کے پاس تنخواہیں دینے کے پیسے نہیں۔ افغانستان کے اپنے وسائل کو منجمد کردیا گیا ہے، کیا نہ چاہتے ہوئے دنیا افغانستان کو ہنگامی صورتحال میں تو نہیں دھکیل رہی۔