Friday, September 20, 2024

افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی جاری ، کابل سے صرف ساٹھ کلومیٹر دور رہ گئے

افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی جاری ، کابل سے صرف ساٹھ کلومیٹر دور رہ گئے
July 13, 2021

کابل (92 نیوز) افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی جاری ہے۔ دارالحکومت کابل سے صرف ساٹھ کلومیٹر دور رہ گئے۔

افغان میڈیا کے مطابق  طالبان نے پہلی دفعہ کابل صوبے کے ضلع سروبی پر قبضہ کر لیا ہے۔ طالبان کے نیٹ ورک الامارہ نے سروبی کی چیک پوسٹ پر قبضے کی تصاویر شیئر کر دیں ۔ سروبی کابل سے صرف 60 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

صوبہ قندھار کے کئی اضلاع طالبان کے کنٹرول میں آچکے ہیں جبکہ قندھار سے طالبان کو نکالنے کیلئے افغان فوج کے خصوصی دستے بھیج دیئے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خصوصی فوجی  گھر گھر تلاشی لیں گے۔ خصوصی دستے طالبان اور ان کے حامیوں کیخلاف کارروائی کریں گے۔ اسپیشل فورسز جدید ہتھیاروں سے لیس ہو کر قندھار پہنچی ہیں ۔

طالبان نے غزنی شہر کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ شہر کے اطراف بھی شدید لڑائی جاری ہے۔ ادھر کابل میں امریکی سفارتخانے نے امیگریشن کے لیے ویزا انٹرویو پھر سے شروع کر دیے ہیں۔ امریکا و یورپی ممالک نے نیٹو مشن کے دوران افغان معاون عملے کو ویزے دینے کا اعلان کیا تھا۔