Friday, September 20, 2024

افغانستان، طالبان کا صوبہ غور کے 2 اضلاع پر قبضہ، مجموعی طور پر 38 اضلاع پر کنٹرول

افغانستان، طالبان کا صوبہ غور کے 2 اضلاع پر قبضہ، مجموعی طور پر 38 اضلاع پر کنٹرول
July 12, 2021

کابل (92 نیوز) افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی جاری ہے، گزشتہ چھ روز میں طالبان نے 38 اضلاع کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران طالبان نے صوبہ غور کے 2 اضلاع پر قبضہ کیا جبکہ طالبان کے حملوں کے پیش نظر کابل ائیرپورٹ پر ائیر ڈیفنس سسٹم نصب کردیا گیا۔

طالبان کی پیش قدمی بھی جاری ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے ہلمند کے ضلع گرمسیر پر قبضہ کر لیا، اور اب دارالحکومت لشکر گاہ کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ہلمند پر برطانیہ کا قبضہ رہا ہے، مگر اب وہاں سے برطانوی افواج مکمل طور پر نکل چکی ہیں اور طالبان اضلاع پر قبضہ کر رہے ہیں۔ طالبان نے ہرات صوبے کے ضلع چشت شریف میں درجنوں گاڑیاں قبضے میں لے لیں ہیں۔

ادھر طالبان کا خوف کابل پر بھی منڈلانے لگا، کابل ائیر پورٹ پر ائیر ڈیفنس سسٹم نصب کردیا گیا۔ افغان وزارت دفاع اور داخلہ نے ائیر ڈیفنس سسٹم کی تنصیب کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ائیر ڈیفنس سسٹم طالبان کے میزائل حملوں سے بچنے کے لئے لگایا جارہا ہے جبکہ ڈیفنس سسٹم گزشتہ رات سے آپریشنل کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان نے قندھار میں بھارتی قونصل خانے پر قبضہ قونصل خانے پر قبضے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کردی گئی جبکہ قندھار پر قبضے کے لئے افغان فورسز اور طالبان میں شدید لڑائی جاری ہے۔

گزشتہ روز بھارت نے قندھار میں اپنا قونصل خانہ عارضی طور پر بند کرتے ہوئے سفارتی عملے کو واپس بلالیا تھا۔

افغان طالبان نے مغرب میں دو سرحدوں گزرگاہوں سمیت چین کی سرحد تک کنٹرول حاصل کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ طالبان نے ملک کے 85 فیصد علاقوں پر کنٹرول کا دعویٰ کیا ہے، گزشتہ چھ روز میں طالبان نے مزید 38 اضلاع کا کنٹرول حاصل کیا، جبکہ ملک کے شمالی علاقوں پر بھی اپنا قبضہ مضبوط بنا لیا ہے۔