افغانستان: امریکی طیاروں کی قندوز میں قائم امدادی ادارے کے اسپتال پر بمباری، انیس افراد ہلاک، سینتیس زخمی
قندوز (ویب ڈیسک) قندوز میں امریکی طیاروں کی امدادی ادارے کے اسپتال پر بمباری سے انیس افراد ہلاک اور سینتیس زخمی ہو گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔
ڈاکٹرز ود آوٹ بارڈرز تنظیم نے کہا ہے کہ قندوز میں قائم ایم ایس ایف کے ٹراما سنٹر پر بمباری کی گئی جس سے سنٹر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ہلاک اور زخمیوں میں اسپتال عملے کے ارکان اور مریض بھی شامل ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امریکی طیاروں نے تیس منٹ تک طبی مرکز پر بمباری کی۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتال حملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ اسپتال پر بمباری ناقابل معافی عمل ہے جبکہ نیٹو حکام کا کہنا ہے کہ وہ واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔