Saturday, July 27, 2024

افتخار رندھاوا نے بھی متحدہ قومی موومنٹ کو خیرباد کہہ دیا

افتخار رندھاوا نے بھی متحدہ قومی موومنٹ کو خیرباد کہہ دیا
April 19, 2016
کراچی (92نیوز) پاک سرزمین پارٹی نے ایم کیو ایم کی تنظیمی پتنگ کاٹ ڈالی۔ افتخار اکبر رندھاوا بھی مصطفی کمال کے قافلے میں شامل ہو گئے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ افتخاراکبر رندھاوا کو اب تک ایم کیو ایم سے نہیں نکالا گیا تھا اب نکال دیا جائے گا جبکہ افتخاررندھاوا نے کہا مصطفی کمال کی سچائی سے متاثر ہو کر ان کے ساتھ شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کی پتنگیں کٹنے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ ایک کے بعد دوسری پتنگ کٹ رہی ہے۔ افتخار اکبر رندھاوا بھی ایم کیو ایم سے روٹھ گئے اور مصطفی کمال سے جا ملے۔ اس موقع پر مصطفی کمال نے انہیں پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید تو کہا ہی ایم کیو ایم کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ندیم نصرت نے ”را“ کے ایجنٹ ہونے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔ اس موقع پر پارٹی میں شامل ہونے والے افتخار اکبر رندھاوا نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد پر بھروسہ کیا تاہم انہوں نے ”را“ کا ایجنٹ بنانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ پاک سرزمین پارٹی میں ایم کیو ایم کے تنظیمی اراکین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جو یقینا ایم کیو ایم کے لئے کسی بڑے دھچکے سے کم نہیں ہے۔