افتخار درانی اور نعیم الحق کا وزارت اطلاعات میں تبدیلی کی خبروں سے لاعلمی کااظہار

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے وزارت اطلاعات کی تبدیلی کے معاملے سے لاعلمی کا اظہار کر دیا جبکہ نعیم الحق کا کہنا ہے وزارتوں میں تبدیلی کے بارے میں خبریں صرف افواہیں ہیں ۔
وزارت اطلاعات کی تبدیلی خبریں گردش کرنے لگیں تو پی ٹی آئی کے رہنما بھی میدان میں آئے اور خبروں کی تردید کر دی ۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی افتخار درانی نے کہا کہ اُنہیں ایسی کسی تبدیلی کا علم نہیں ،فواد چودھری اور شیخ رشید کے اچھے تعلقات ہیں ،تاہم پیر کو وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا ۔
دوسری طرف پی ٹی آئی کے اہم رہنما نعیم الحق نے بھی فواد چودھری کی وزارت کی تبدیلی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزارتوں کی تبدیلیوں سے متعلق خبریں صرف افواہیں ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ۔