اصغر خان عملدرآمد کیس سماعت کیلئے مقرر،نوازشریف آج سپریم کورٹ طلب
اسلام آباد ( 92 نیوز) اصغر خان عملدرآمد کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا جب کہ عدالت اعظمی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو آج طلب کر لیا۔
اصغر خان عملدرآمد کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ، ملک کی سب سے بڑی عدالت نے کیس کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے ۔ سپریم کورٹ کی جانب سے اسلم بیگ، اسد درانی ، خورشید شاہ ، سراج الحق ، جاوید ہاشمی ، غلام مصطفی کھر کو بھی نوٹسز جاری کئے گئے ہیں ۔عدالت نے اٹارنی جنرل ، سیکرٹریز داخلہ و خارجہ اور ڈی جی ایف آئی اے کو بھی طلب کر لیا ہے ۔
رجسٹرار سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت 31 فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے ہیں ، اصغر خان کیس کی سماعت 3رکنی بینچ چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں کرے گا ۔ کیس میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی اور سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل مرزا اسلم بیگ کے بیانات پہلے ہی ریکارڈ ہوچکے ہیں۔
انیس سو نوے میں اسلامی جمہوری اتحاد کی تشکیل اور انتخابات میں دھاندلی کے لیے سیاستدانوں میں رقوم کی تقسیم کے خلاف، ایئر فورس کے سابق سربراہ اصغر خان مرحوم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ جس کے سلسلے میں کل سابق وزیر اعظم نواز شریف کو طلب کیا گیا ہے۔