Thursday, September 19, 2024

اصغرخان کیس، چیف جسٹس کا آج شام تک کابینہ اجلاس بلانے کی مہلت

اصغرخان کیس، چیف جسٹس کا آج شام تک کابینہ اجلاس بلانے کی مہلت
May 31, 2018
لاہور (92 نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان نے اصغر خان کیس سے متعلق فیصلہ کرنے کے لئے آج شام تک کابینہ کا اجلاس بلانے اور فیصلہ سے متعلق ہر صورت آگاہ کرنے کاحکم دے دیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اصغر خان فیصلہ پر عمل درآمد کے لیے کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے سماعت کی۔ کابینہ کا اجلاس نہ بلانے پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ اب تک کابینہ نے اصغر خان کیس سے متعلق کوئی فیصلہ کیوں نہیں کیا۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کابینہ کا اجلاس بلانے کے لیے مہلت دی جائے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اتنا سنجیدہ مسئلہ ہے اور حکومت کو کوئی فکر نہیں۔ آج شام تک کابینہ کا اجلاس بلا کر فیصلہ کریں اور ہر صورت آگاہ کریں۔