Friday, September 13, 2024

اصغرخان کیس ، تحقیقات مکمل ہونے تک تمام اداروں کوایف آئی اے سے تعاون کا حکم

اصغرخان کیس ، تحقیقات مکمل ہونے تک تمام اداروں کوایف آئی اے سے تعاون کا حکم
June 12, 2018
لاہور (92 نیوز) اصغرخان عملدرآمد کیس کی تحقیقات مکمل ہونے تک عدالت نے تمام اداروں کوایف آئی اے سے تعاون کا حکم دے دیا۔ اصغر خان عملدرآمد کیس کی سماعت  لاہور سپریم کورٹ رجسٹری  میں تین رکنی فل بنچ نے کی۔ چیف جسٹس پاکستان  نے کیس کی تحقیقات مکمل ہونے تک ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کو بدستور اپنے عہدے پر کام کرنے کا حکم دیا۔ جاوید ہاشمی ،میر حاصل بزنجو،عابدہ حسین،غلام مصطفی کھر اور ڈی جی یف  آئی اے بشیر میمن ،اسد درانی روئیداد خان اور  دیگر عدالت میں پیش  ہوئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اصغر خان عمل درآمد کیس میں مزید تاخیر برادشت نہیں کریں گے ۔ ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ نواز شریف کا بیان آچکا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پرویز مشرف کو پاکستانی آنے میں جورکاوٹ تھی ختم کر دی ،اب مشرف کی بہادری پر ہے کہ وہ آتے ہیں یا نہیں۔ آئےتو قانون کے تحت کارروائی ہو گی ۔ چیف جسٹس جاوید ہاشمی کو مخاطب کرتے ہوئے بولے آپ نے کہا کہ میں بھاٹی سے الیکشن کروں تو نہیں جیت سکتا۔ ہاشمی صاحب میں نے الیکشن نہیں کرنا آئین کا تحفظ کرنا ہے۔ آپ نے وزیر اعظم ہاؤس میں میرے کردار کی تعریف کی تھی، جاویدہاشمی نے کہا میں آپکی دل سے عزت کرتا ہوں ۔ میرحاصل بزنجو نے کہا اصغر خان کیس سے میرا کوئی تعلق نہیں ، غلام مصطفیٰ نے کہا ہمیشہ سیاست دان کا منہ سیاہ کیا گیا ۔ اب یہ واضح ہونا چاہئے کہ کون محب وطن ہے اور کون نہیں۔ چیف جسٹس نے کہا تفتیش میں شامل ہونے کا مقصد کسی کو بدنام کرنا یا ہراساں کرنا نہیں ، سرخرو ہوئے تو سب صاف ہو جائے گا۔