اشیائے خورونوش، ادویات اور تعلیمی ضروریات کے علاوہ تمام اشیاء پر سیلز ٹیکس کی رعایت ختم
اسلام آباد (92 نیوز) اشیائے خورونوش، ادویات اور تعلیمی ضروریات کے علاوہ تمام اشیاء پر سیلز ٹیکس کی رعایت ختم کر دی گئی۔
سترہ فیصد ٹیکس لاگو ہونے سے کئی اشیا مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ تمام زیرو ریٹ اشیا بھی ٹیکس نیٹ میں شامل ہیں۔ سرکاری دستاویز کے مطابق غذا، ادویات اور تعلیمی ضروریات کے علاوہ تمام اشیاء پر رعایتی سیلز ٹیکس ختم کر دیا گیا۔ اب ان تمام اشیا پر 17 فیصد ٹیکس لاگو ہو گا۔ تمام زیرو ریٹ اشیا کو ٹیکس کے دائرے میں شامل کرکے ٹیکس چوری کو روکا جائے گا۔ ایف بی آر کے ساتھ آن لائن منسلک پرچون فروشوں کی انوائس کی تصدیق کے لیئے مانیٹرنگ لازمی کر دی گئی۔ مانیٹرنگ کے ذریعے ٹیکس چوری کا سراغ لگایا جائیگا۔
اینٹوں اور کرش سٹون پر حاصل 17 فیصد سیلز ٹیکس چھوٹ کا قانون ختم کر دیا گیا۔ پٹرولیم اور گیس سیکٹر پلانٹ اور مشینری، خام تیل پر حاصل زیرو ٹیکس کی چھوٹ ختم کر دی گئی۔ مارکیٹ میں لائے جانے والے ہر برانڈ پر الگ سے لائسنس لینے کی شرط عائد کر دی گئی۔ ملک بھر میں پوائنٹ آف سیلز کے حامل لوگوں کو پرچون فروشوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کے ساتھ آن لائن منسلک نہ ہونے والے پرچون فروشوں کو اب بزنس اخراجات کے صرف 40 فیصد پر ٹیکس استثنی دستیاب ہو گا۔ ٹیکس میں کمی کے لئے ایسے پرچون فروشوں کے 60 فیصد بزنس اخراجات کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ اس سے قبل ان کے 50 فیصد اخراجات کو ناقابل ٹیکس آمدنی تسلیم کیا جاتا تھا۔