اشتعال انگیز تقاریر !!! ایم کیو ایم کے بیس رہنماﺅں کو گرفتار کرنے کا حکم

کراچی (92نیوز) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اشتعال انگیز تقاریر کے ایک اور کیس میں ایم کیو ایم قائد الطاف حسین اور وسیم اختر سمیت پارٹی کے20 رہنماوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 18 جنوری تک پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کی اشتعال انگیز تقاریر اور قوم کو ریاست کے خلاف اکسانے کی دفعات کے تحت درج مقدمے کا چالان اے ٹی سی میں پیش کر دیا۔ عدالت نے چالان منظور کرتے ہوئے الطاف حسین، نامزد مئیر وسیم اختر، خالد مقبول صدیقی، سینیٹر سیف یار خان، رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہارالحسن، ریحان ہاشمی، قمر منصور اور سلمان بلوچ سمیت بیس رہنماوں اور عہدیداروں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے متحدہ رہنماوں کو اٹھارہ جنوری تک گرفتار کرنے کا حکم دےدیا۔ ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کی بارہ جولائی کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد ریاست کی مدعیت میں تھانہ شاہ لطیف ٹاون میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں قوم کو ریاست کے خلاف بغاوت پر اکسانے، ملک سے غداری، ٹیلی گراف ایکٹ اور دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔