Sunday, September 25, 2022

اسپیکر پنجاب اسمبلی کے علماء کرام سے ٹیلیفون پر رابطے ، تحفظ بنیاد اسلام بل پر مشاورت

اسپیکر پنجاب اسمبلی کے علماء کرام سے ٹیلیفون پر رابطے ، تحفظ بنیاد اسلام بل پر مشاورت

لاہور (92 نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہیٰ کے علما کرام سے ٹیلیفون پررابطے  ، تحفظ بنیاد اسلام بل پر مشاورت  کی ، کہا کہ  بل کے  تحت تمام کتب میں خاتم النبین حضرت سیدنا محمد رسول اللہ ﷺ لازمی لکھا جائے گا۔

تحفظ بنیاد اسلام بل پر اسپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہٰی نے علامہ ساجد نقوی، مفتی منیب الرحمٰن، مفتی راغب نعیمی ،پیرامین الحسنات شاہ، سید سبطین حیدر سبزواری، سید صفدر شاہ سےٹیلیفون پر مشاورت کی ۔ انہوں نےسابق ایم پی اے سید تقلید رضا شاہ آف تلہ گنگ اور علامہ گلفام ہاشمی سے بھی تحفظ بنیاد اسلام بل پر مشاورت کی۔

اس موقع پر چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ تحفظ بنیاد اسلام بل کے تحت تمام کتب میں خاتم النبیین حضرت سیدنا محمد رسول اللہ ﷺلازمی لکھا جائے گا،اہل بیت اطہار، ازواج مطہرات، صاحبزادوں،صاحبزادیوں،، نواسوں اور نواسیوں کیلئے علیہ السلام یا سلام اللہ علیہا یا رضی اللہ عنہ یا رضی اللہ عنہا لازمی لکھا جائے گا۔

چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ اہل بیت سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور انکی ناموس پر ہمارا سب کچھ قربان ہے ،اہل بیت اطہار اور تمام صحابہ کے غلام ہیں اور یہ ان سےعشق کا عملی ثبوت ہے کہ تمام ارکان اسمبلی نے وہ کتب ضبط کرنے کا حکم دیا جس میں اہل بیت اطہار کی شان میں گستاخی کی گئی تھی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے یا ہماری نسلوں کے ہوتے ہوئے خاتم النبیین حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، تمام خلفائے راشدین، امہات المومنین، اہل بیت اطہار اور اصحاب رسول رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کی شان میں گستاخی نہیں ہو سکتی،تحفظ بنیاد اسلام بل سے تمام مسالک کے درمیان اتحاد و پیار مزید مضبوط ہوگا۔