اسپیکر اسد قیصر سے چیئرمین نیب جاوید اقبال کی ملاقات ، سالانہ رپورٹ پیش کی
اسلام آباد (92 نیوز) اسپیکر اسد قیصر سے چیئرمین نیب جاوید اقبال کی ملاقات ہوئی۔ انہوں نے اسپیکرکونیب کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔
چیئرمین نیب نے اسپیکر کو ملک میں جاری احتسابی عمل اور احتسابی عمل کو زیادہ شفاف اور موثر بنانے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ارکان پارلیمنٹ اور کاروباری طبقے کی جانب سے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ احتسابی عمل سے کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ ہمارا ایجنڈا صرف پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ نیب نے سال 2020 میں 323.29 ارب روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام کیلئے نیب کی قومی خدمت قابل تحسین ہے۔ موثر اقدامات سے معاشرے کو بدعنوانی جیسے موزوں مرض سے نکالا جا سکتا ہے۔