لاہور: (92 نیوز) اسموگ میں کمی کے بعد لاہور میں نظام زندگی بحال، کل سے اسکول کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
ہوٹل اور ریسٹورنٹ بھی رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے، دوسری طرف اسموگ کا باعث بننے والے عوامل کیخلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
اسموگ چھٹنے سے لاہور میں فضائی آلودگی کم ہوگئی، جس کے بعد نظام زندگی دھیرے دھیرے بحال ہونے لگا۔ اسموگ میں کمی کے بعد کل سے تعلیمی ادارے بھی کھولنے کا حکم دے دیا گیا ہے، تاہم کوئی اسکول صبح پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھل سکے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق طلبہ کے ساتھ اساتذہ کیلئے بھی ماسک پہننا لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: سموگ میں کمی ، کاروباری افراد کیلئے اچھی خبر!
صوبے بھر میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار میں بھی نرمی کردی گئی، جو اب رات 10 بجے تک کھولے جاسکیں گے۔ البتہ پابندی کا اطلاق بیکریوں پر نہیں ہوگا۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں اینٹی اسموگ آپریشن جاری ہے، مریم اورنگزیب کے مطابق 4 دن کے دوران زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے مزید 17 بھٹے گرائے گئے۔ سب سے زیادہ 14 بھٹے ملتان، 8 لیہ میں گرائے گئے ، لاہور اور گوجرانوالہ میں 20 صنعتی یونٹس آلودگی پھیلانے پر مسمار کئے گئے۔
دوسری طرف اسموگ کی وجہ سے اسپتالوں میں ناک، گلے اور آنکھوں کے امراض میں مبتلا افراد بڑی تعداد میں پہنچ رہی ہے، پچھلے 24 گھنٹے کے دوران سانس کے 60 ہزار 506، دمہ کے 3ہزار771 اور آنکھوں کے 627 مریض اسپتالوں میں پہنچے ہیں۔