لاہور: ( 92 نیوز ) محکمہ داخلہ پنجاب نے اسلحہ لائسنس کے حوالے سے اہم قدم اٹھا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہریوں کی سہولت کیلئے انفرادی اسلحہ لائسنس میں ترمیم و تبدیلی کا عمل آن لائن کر دیا گیا۔ شہری اسلحہ بورکی تبدیلی، اسلحہ کیٹیگری میں تبدیلی اور گولیوں میں اضافے کی درخواست اب آن لائن دے سکتے ہیں۔
اسلحہ لائسنس کی وراثتی منتقلی اور ڈوپلیکیٹ لائیسنس کی درخواست بھی آن لائن جمع کروائی جائے گی، جبکہ شہری موجودہ اسلحے کی فروخت اور پاکستان بھر میں لائیسنس کی معیاد میں ایکسٹینشن کی درخواست بھی آن لائن دی سکتے ہیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا بتانا ہے کہ پنجاب بھر میں موجود شہری اپنے اسلحہ لائیسنس میں موڈیفیکیشن کی درخواست آن لائن دیں گے اور اب شہریوں کو اسلحہ لائسنس کے حوالے سے دفاتر کے چکر نہیں لگانا ہوں گے، کیونکہ اب متعلقہ کاغذات سے لیکر قانونی فیس تک آن لائن جمع کروائی جا سکتی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ اسلحہ لائسنس کیلئے آن لائن موڈیول پنجاب آرمز رولز 2023 کے تحت تیار کیے گئے ہیں، آن لائن موڈیول محکمہ داخلہ پنجاب اور نادرا کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔
آن لائن اپلائی کرنے کا طریقہ:
شہری اس لنک پر /http://pal.nadra.gov.pk/pal آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اسلحہ لائسنس کیلئے آن لائن موڈیول کے استعمال بارے مراسلہ بھی جاری کر دیا پے۔ ےاکہ اس بارے تمام ڈپٹی کمشنرز اسلحہ لائسنس میں تبدیلی کیلئے آنے والے شہریوں کو آن لائن موڈیول بارے آگاہی دیں۔
اس سے قبل خیبر پختونخوا میں بھی اسلحہ لائسنس گھر بیٹھے بنوائے جانے کی سہولت متعارف کروائی جا چکی ہے۔ صوبائی حکومت نے ’دستک‘ نامی آن لائن ایپ لانچ کی تھی۔
محکمہ داخلہ اورقبائلی امور خیبر پختو نخوا نے اسلحہ لائسنس کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کے لیے نیا آرم لائسنسنگ سافٹ ویئر تیار کیا تھا، بتایا گیا تھا کہ اب عام لوگوں کو پورے خیبر پختونخوا میں کسی بھی ای پیمنٹ کے ذریعے آن لائن درخواست دینے اور لائسنس پروسیسنگ فیس کی ادائیگی کی سہولت حاصل ہوگی۔
اس بارے محکمہ داخلہ کا کہنا تھا کہ آرمز لائسنس کے حصول کے پیچیدہ عمل کو سہل کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ ڈیٹا سیکیورٹی اور ریگولیٹری تعمیل کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھتے ہوئے بنا کسی رکاوٹ صارف کو آسانی فراہم کی جاسکے۔ جبکہ اسلحہ لائسنس کی آن لائن پروسیسنگ کے لیے مذکورہ ایپلی کییشن گوگل پلے اسٹور پر بھی دستیاب ہے۔ محکمے کا کہنا تھا کہ ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے پروفائل بنا کر ضروری معلومات جمع کرانے کے بعد اسلحہ لائسنس کے لیے درخواست دی جاسکتی ہے۔
محکمے کا مزید کہنا تھا کہ اس سے عوام کو آسانی ہوگی اور لائسنس کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر نیہں لگانے پڑیں گے جبکہ درخواست کے حوالے معلومات بھی حاصل کی جاسکے گی۔ محکمہ داخلہ کے مطابق ایپ کے باعث لائنس کے اجرا کے عمل میں شفافیت آئے گی اور میرٹ پر کام ہو گا۔