نیو یارک ( 92 نیوز) وزیراعظم عمران خان اسلام اور کشمیریوں کا مقدمہ نیویارک میں کامیابی سے لڑنے میں مصروف ہیں ۔ اقوام متحدہ کی نفرت انگیز تقاریر کے تدارک پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا اسلام صرف ایک ہی ہے، حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا اسلام جس کی ہم پیروی کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ کوئی اور اسلام نہیں ، اسلامو فوبیا کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان ،ترکی اور ملائیشیا کا مشترکہ انگریزی ٹی وی چینل کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی کانفرنس سے خطاب میں دنیا کے اربوں مسلمانوں کی ترجمانی کردی ، کہامسلمانوں کو جو سب سے بڑا نقصان ہوا وہ نائن الیون کے بعد دہشت گردی کو اسلام سے جوڑا جانا ہے۔
وزیراعظم نے سفید فام دہشت گردی پر بھی بات کی اور کہا اس سفید فام دہشت گرد کے بارے میں کیا خیال ہے جس نے کرائسٹ چرچ میں 49 نمازیوں کو شہید کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا بھارت کے بارے میں نہ بھولیں جہاں انتہا پسندوں نے ملک کی باگ ڈور سنبھال لی ہے۔
وزیر اعظم نے ناموس رسالت صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر بھی کھل کر دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں کی ترجمانی کی ، عمران خان کا کہنا تھا شان رسالت ؐ میں گستاخی سے ہمیں اس قدر تکلیف اس لیے ہوتی ہے کہ کیونکہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہمارے دلوں میں رہتے ہیں اور سب جانتے ہیں کہ دل کی تکلیف جسمانی تکلیف سے زیادہ ہوتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان ،ترکی اور ملائیشیا نے مشترکہ انگریزی ٹی وی چینل کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ مشترکہ چینل خصوصی طور پر اسلامو فوبیا کے چیلنج کا مقابلہ کریگا۔
ان کا مزید کہنا تھا چینل کا مقصد ہمارے عظیم مذہب اسلام سے متعلق آگاہی دینا ہے۔ مشترکہ چینل پر مسلمانوں سے متعلق غلط فہمیاں دور کی جائیں گی جب کہ مشترکہ چینل پرناموس رسالتﷺ کےحوالےسے بھی آگاہی دی جائےگی۔