Friday, September 30, 2022

اسلام سب سے زیادہ خواتین کے حقوق کی بات کرتا ہے، بلاول بھٹو

اسلام سب سے زیادہ خواتین کے حقوق کی بات کرتا ہے، بلاول بھٹو
لاہور (92 نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا اسلام سب سے زیادہ خواتین کے حقوق کی بات کرتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی نے 2009 سے عورتوں کی فلاح و بہبود کے لئے منصوبہ شروع کیا۔ 15 لکھ عورتوں کو پیپلزپارٹی منصوبہ کے تحت فائدہ ملا۔ جہاں مردوں کا 50 فیصد حصہ ہے وہاں عورتوں کا بھی برابر کا حصہ ہونا چاہیے۔ اگر ریاست کی جانب سے مالی امداد اور نوکریوں کے کوٹے میں اضافہ ہوا تو پیپلزپارٹی کی جانب سے ہوا ہے۔ مسلم امہ کی پہلی وزیراعظم بھی پیپلزپارٹی کی بنی۔ پہلی خاتون جج بھی پیپلزپارٹی کے دور میں بنی۔ پہلا خواتین پولیس اسٹیشن بھی پیپلزپارٹی کے دور میں بنا۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کا انقلابی منصوبہ بھی پیپلزپارٹی نے شروع کیا۔ بینظیر انکم سپورٹ کا انقلابی منصوبہ بھی ہم نے شروع کیا۔ بینظیر انکم سپورٹ سے خواتین کو پیر پر کھڑا کیا جس سے ان کو ہر شعبہ میں مدد ملی ہے۔ پیپلزپارٹی نے سندھ میں بل پاس کیا ہے کہ اگر کوئی خاتون نوکری پر ہے اور اس کا بچہ ہو جائے اسے 6 ماہ کی چھٹی دی جائے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا ناقدین کہتے تھے کہ ایک عورت وزیراعظم بن نہیں سکتی لیکن شہید بینظیر بھٹو دو بار وزیراعظم بنیں۔ آج جو لوگ کہتے ہیں عورت مارچ نہیں ہونا چاہیے ان کو پیغام ہے کہ عورت مارچ ضرور ہو گا۔ انہوں نے کہا عورت جس شعبے میں بھی جانا چاہیے جا سکتی ہے ، کوئی بھی ان کی مخالفت نہیں کر سکتا۔ ہم وفاق اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عورت مارچ کو تحفظ دیا جائے۔